فضلاء کے قلم سے
یلپ اور میرے تاثرات
یلپ کے فاضل طلحہ بلال کے قلم سے: پندرہ روزہ تربیت نے منجمد ذہن کی فکروں کو کیسے تازہ کیا، نگاہ کے زاویے کیسے بدلے، اور اساتذہ کی محبت نے کیا نقش چھوڑا۔

ینگ علماء لیڈرشپ پروگرام (یلپ) کے فاضل طلحہ بلال نے پروگرام کے بعد اپنے تاثرات یوں قلم بند کیے۔
پندرہ روزہ اس تربیتی کورس نے منجمد ذہن میں جمی فکروں کو گرمائش دے کر تر و تازہ کر دیا ہے۔
منزل ایک ہی ہے لیکن راستے کئی ہیں۔ کچھ تنگ ہیں، کئی ایسے بھی ہیں جہاں دو جانب ٹانگیں کھینچنے والے بھی موجود ہیں، کچھ ایسے ہیں جو ہماری کج نگاہ کے سبب ٹیڑھے نظر آتے ہیں، لیکن چلنا انہی راستوں پر ہے، آخر منزل تک تو پہنچنا ہے۔
یلپ کی اس جولان گاہ میں راستوں کی کجی بذریعہ درستگیٔ نگاہ سیدھی کی گئی، ذہن میں وسعت لا کر راستوں کی تنگی کو کشادگی میں بدلا گیا، اردگرد کھڑی رکاوٹوں کو ہٹانے میں عقل کو تیز کیا گیا، اس پر جمی گرد کو صاف کیا گیا، قلوب میں ہمت و شوق کوٹ کوٹ کر بھرا گیا، زبان کو نرم کیا گیا، اخلاق کی تہذیب کی گئی، عادات کی چھان بین ہوئی، اچھائی کو سامنے لایا گیا، نگاہوں کے زاویے درست کیے گئے۔
شیخ کی محبتوں اور دو تاروں (حماد عباسی صاحب، وقاص سعید صاحب) کی چمک نے چند دنوں میں اپنا گرویدہ بنا لیا۔ شیخ کے جملے دلوں پر ایسے نقش ہوئے گویا پتھر پر کندہ کاری کی گئی ہو۔
ان تین حضرات پر مستقل لکھا جائے تو تب بھی حق ادا نہ ہو، مگر اپنی بساطِ قلم کے مطابق لکھیں گے۔
خدا ان حضرات کو اپنی امان میں رکھے، کاوشوں کو قبول فرمائے، مزید نافع بنائے، علم و عمل میں اضافہ فرمائے، ہمارے دلوں میں ان کے لیے محبت کو بڑھائے، ہمارے ان سے استفادہ کرنے کو مستقل بنائے، انہیں عافیت والی لمبی زندگی عطا فرمائے۔
طلحہ بلال
نئے فضلاء اس بار موقع سے فائدہ اٹھائیں، رجسٹریشن کروائیں اور ضرور مستفید ہوں۔ یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن یہاں سے کیجیے۔