رجسٹریشن

فضلاء کے قلم سے

ٹریل فائیو سے جھیل کنارے تک

یلپ 2025 کے فاضل محمد ابوبکر مالک (مالک تمیمی) کے قلم سے: ہائکنگ کا دن، نئے رفقاء، اور وہ تعلقات جو اس سفر کا اصل حاصل ہیں۔

پڑھنے کا وقت: 3 منٹمالک تمیمی

پہاڑی پر یلپ کے شرکاء کی گروپ تصویر
یلپ کے شرکاء (فائل تصویر)

یلپ 2025 کے فاضل مالک تمیمی نے پروگرام کے چھٹے دن کی روداد یوں قلم بند کی۔

مسکرائیے، آپ یلپ کا حصہ ہیں! حصارِ ذات سے بلند ہونے کا موقع ہے: نئے چہرے، نئے دوست، نیا تعارف، بھانت بھانت کے مزاج اور بے مثل اذہان — حسین تنوع اور تنوع کا حسن!

گزشتہ شب ہی آج کی ترتیب متعین کر دی گئی تھی۔ علی الصبح بیدار ہوتے ہی تیاری باندھی، بیگ سمیٹے اور پہلے سیشن میں آ بیٹھے۔ عباسی صاحب نے ہمیشہ کی طرح اسمبلی نما ماحول بنا رکھا تھا، یلپ کی بنیادی اقدار کا تکرار ہوا۔ آج چونکہ ہائکنگ کا دن تھا، اس متعلق بھی ضروری ہدایات جاری ہوئیں۔ پہلے سے بنے ہوئے گروپس میں افراد کا اضافہ کر دیا گیا — پہلے فی گروپ نو لوگ تھے، اب پندرہ ہو گئے۔

باہر نکلے تو ایک صف میں لگی گاڑیاں ہماری منتظر تھیں۔ شہرِ اقتدار کی سڑکوں سے ہوتے ہوئے ٹریل تھری کی پارکنگ میں آ پہنچے، یہاں سے ایک ایک گروپ قطار بنائے ٹریل فائیو کی جانب چلا گیا۔ تمام احباب منظم بھی رہے اور مؤثر بھی۔ مولانا حماد عباسی صاحب، مولانا وقاص صاحب اور جناب میر اسامہ صاحب نے تمام شرکاء کی زمام سنبھال رکھی تھی۔ چلتے، بیٹھتے، اٹھکھیلیاں کرتے معلوم ہی نہ ہوا اور تقریباً ڈیڑھ سے دو گھنٹے کی ریاضت کے بعد ایک چشمے پر پہنچ گئے۔ سب رفقاء یہاں جمع ہوئے، بھائی اسامہ نے نعت شریف کا سحر باندھا، چشمے سے پانی کی بوتلیں بھریں اور واپسی کا سفر شروع کر دیا۔

واپسی کا سفر تیز ہوتا ہے، لیکن واپسی ہمیشہ مشکل کیوں ہوتی ہے؟ یہ محبوب کے در سے ہو یا کسی عارضی منزل سے، واپسی تھکے قدموں ہوتی ہے۔ جاتے ہوئے جو ہم رکاب تھے مختلف رہے، واپسی پر نئے چہرے اور نئی گفتگو، مختلف موضوعات پر نو بہ نو اذہان سے تبادلۂ خیال۔

میرے خیال میں اس سارے سفر کا ماحصل یہی تعلقات اور باہم ملاقات ہے۔ نئے زاویے کھلتے ہیں، نئے موضوع چھڑتے اور نت نئے منصوبے ترتیب پاتے ہیں، خدشات کا ازالہ اور توقعات کا ہالہ ایک ہی وقت میں بن رہا ہوتا ہے۔

واپس پارکنگ پر پہنچے تو آئس کریم کے کپ ہمارے منتظر تھے۔ یہاں سے اگلے پڑاؤ لیک ویو پارک کی جانب رواں ہوئے۔ نمازِ ظہر ادا کی اور دسترخوان بچھ گیا، ایک پلیٹ پر دو افراد۔ میرا ہم پیالہ آسی تھا — بھئی اس کے کھانے کی بڑی سپیڈ ہے!

جھیل کنارے کا منظر بہت خوب تھا۔ سورج کی روشنیاں زرد ہو کر جھیل کے شفاف پانی میں منعکس ہو رہی تھیں، دھیمی دھیمی خنک ہوائیں جسم سے ٹکرا کر مسحور کر رہی تھیں، پرندوں کے غول یہاں سے وہاں اڑتے اور ہم قدرت کی صناعی پر سبحان اللہ کا ورد کرتے مقررہ وقت پر واپس آ پہنچے۔ نمازِ عصر کے بعد قطار بنائے محمدی مسجد پہنچے — ہم ہم نہ رہے، تم تم نہ رہے!

مالک تمیمی

نئے فضلاء اس موقع سے ضرور فائدہ اٹھائیں۔ یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن یہاں سے کیجیے۔

یلپ 2027

یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن جاری ہے

16 تا 30 جنوری 2027، اسلام آباد – بھوربن۔ آن لائن (علماء و عالمات) یا بالمشافہ (علماء)۔ کوئی فیس نہیں۔