رجسٹریشن

فضلاء کے قلم سے

نایاب پھولوں کا گلدستہ

یلپ کے فاضل مولانا منان میاں کے شگفتہ قلم سے: مدارس کی چھٹیوں میں کورسوں سے گریزاں ایک فاضل نے یلپ میں کیا پایا۔

پڑھنے کا وقت: 3 منٹمنان میاں

ایک ادارے کی عمارت کے سامنے یلپ کے شرکاء اور میزبان
یلپ کے شرکاء (فائل تصویر)

یلپ کے فاضل مولانا منان میاں نے اپنے منفرد اسلوب میں پروگرام کا تعارف یوں کروایا۔

مدارس میں سالانہ تعطیلات کا شمار مکمل ٹیکس فری سہولیات میں کیا جا سکتا ہے، جن سے خلقِ خدا کی اکثریت گھونٹ گھونٹ لطف اندوز ہوتی ہے۔ ان تعطیلات میں کئی ادارے اپنے اپنے پیکجز اٹھائے طلبہ کو مختلف کورسز کے لیے آمادہ کرتے دکھائی دیتے ہیں، اور «سیانا بٹا سیانا» قسم کے لوگ سب کی باتیں مسکرا کر سنتے ہیں اور پھر «سوری» بول کر «خدمتِ والدین» کے لیے گھروں کی راہ ناپتے ہیں۔ میری رائے بھی ایضاً ہی تھی، بلکہ یہی ہے، لیکن اب میں خود ایک کورس کے لیے صدا دینے لگا ہوں۔ علمائے کرام سے گزارش ہے کہ ذرا نیڑے نیڑے آ جائیں، ان شاء اللہ بہت نفع ہوگا!

2016 سے ینگ علماء لیڈرشپ پروگرام (YULP) معزز علمائے کرام کے لیے ترتیب دیا جا رہا ہے، اور عبقری صفت شیخ جہانگیر محمود صاحب مدظلہ اس کے روحِ رواں ہیں۔

کورس کیا ہے؟ نایاب پھولوں کا ایک حسین گلدستہ، ورق ورق جوڑا گیا کوئی دیوان، یا پھر کسی سہانے خواب کا کوئی دل نشیں حصہ۔ جو بھی کہہ لیں، مگر وہ دل کے تار ہلانے والا ہے، سوچ کو اتھل پتھل کر دیتا ہے، فکر و شعور کی شکست و ریخت اور تعمیرِ نو اس کورس کے خمیر میں گندھی ہوئی ہے!

یلپ بنیادی طور پر یوں مرتب کیا گیا ہے کہ مختلف علوم و فنون کے ماہرین علمائے کرام کو اپنی زندگی کے تجربات و مشاہدات سے آگاہ کرتے ہیں، اور تقریباً ہر شعبۂ زندگی کی بھرپور نمائندگی ہوتی ہے۔ شرکاء کو سوالات و اشکالات کی نہ صرف اجازت ہے بلکہ منتظمین کی جانب سے ان کی خاصی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ بسا اوقات کسی فکری اختلاف پر شرکاء اور مہمان ادب کے دائرے میں رہتے ہوئے سینگ بھی پھنسا لیتے ہیں، لیکن ڈیڈ لاک کی کیفیت بحمداللہ کبھی پیدا نہیں ہوئی۔

مختلف علوم و فنون کے ماہرین کا ایک چھت تلے میسر آ جانا اہلِ علم کے لیے نعمتِ غیر مترقبہ ہے، اور ان میں بعض افراد ایسے بھی ہیں جن سے ملاقات ہی سعادت ہے، کجا یہ کہ آپ ان سے کچھ سیکھیں اور اپنے سوالات ان کے حضور پیش کریں — یہی اس کورس کے ماتھے کا جھومر ہے! اس پر مستزاد یہ کہ مختلف اداروں کا باضابطہ تعلیمی دورہ کروایا جاتا ہے، جہاں وہ ادارہ علمائے کرام کی میزبانی کرتا اور اپنی سرگرمیوں پر بریفنگ دیتا ہے۔

کورس کو نہایت منظم، سود مند اور دلچسپ بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔ ہر شریک کم از کم دو دن گروپ لیڈر بنتا ہے، اور رات سونے سے پہلے دن بھر کی گروپ کارکردگی پیش کرنا ضروری ہوتا ہے — اور وہ ایسی عجیب و غریب اور نفع بخش کارگزاریاں ہوتی ہیں کہ ہر گروپ دوسرے گروپ پر حیران ہوئے بنا نہیں رہ سکتا۔ اسلام آباد کے سبزہ زار پر دوپہر کی چائے، بھوربن میں صبح سویرے پہاڑوں کے دامن میں اسمبلی، اور شام کے ملگجے اندھیروں میں شیخ صاحب کی بے تکلف اور دلچسپ محافل آج بھی یادوں میں نگینے کی طرح جڑی ہوئی ہیں!

درسِ نظامی کے تھکا دینے والے پُرمشقت سفر کے بعد یلپ ٹھنڈی ہوا کا وہ جھونکا ہے جو سارے تفکرات کو ہوا کر دیتا ہے۔ میں ملتان کا صحرائی جب اسلام آباد کے نخلستان میں اترا تھا تو سرشاری انگ انگ میں اٹھلاتی پھرتی تھی۔ اب میری خواہش ہے کہ یلپ کا یہ خوبصورت پیغام ہر کچے اور پکے مدرسے تک پہنچے، اور باذوق احباب اپنے ذوق کو جلا بخش سکیں — سو اک صدا لگا دی ہے۔ جس جس کو جانا ہے، تیاری پکڑے، رب سوہنا برکت پاوے گا!

منان میاں

نئے فضلاء اس موقع سے ضرور فائدہ اٹھائیں۔ یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن یہاں سے کیجیے۔

یلپ 2027

یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن جاری ہے

16 تا 30 جنوری 2027، اسلام آباد – بھوربن۔ آن لائن (علماء و عالمات) یا بالمشافہ (علماء)۔ کوئی فیس نہیں۔