رجسٹریشن

فضلاء کے قلم سے

علمی، فکری و تربیتی درسگاہ

یلپ 2025 کے فاضل محمد زاہد ہزاروی کے قلم سے: نگاہ کے زاویے سنوارنے والی وہ درسگاہ جو قول سے زیادہ عمل کو ترجیح دیتی ہے۔

پڑھنے کا وقت: 4 منٹمحمد زاہد ہزاروی

ایک تاریخی درسگاہ کی عمارت کے سامنے یلپ کے شرکاء
یلپ کے شرکاء (فائل تصویر)

ینگ علماء لیڈرشپ پروگرام 2025 کے فاضل محمد زاہد ہزاروی نے پروگرام کے بعد اپنے تاثرات یوں قلم بند کیے۔

اللہ رب العزت نے انسان کو اشرف المخلوقات پیدا کیا ہے، اور ان نعمتوں میں سب سے نمایاں عقلِ انسانی ہے۔ جب عقل و فہم کے ساتھ علم و حکمت کی دولت بھی مل جائے تو یہ نعمت اور بھی قابلِ رشک ہو جاتی ہے۔ پھر سوچنے کے زاویے مختلف ہوتے ہیں؛ کبھی ہم کسی چیز کی ایک خامی کو سامنے رکھ کر بے شمار خوبیوں کو پسِ پشت ڈال دیتے ہیں، یہ زاویۂ نگاہ کی کجی ہے۔

اسی نظر و فکر کے زاویے سنوارنے، اردگرد پھیلی نفرتوں کو نظرانداز کر کے محبتوں کو فروغ دینے، منجمد ذہنوں میں ارتعاش پیدا کرنے، دلوں میں دینی حمیت اجاگر کرنے، تلخ لہجوں کو نرم خو بنانے اور اخلاق و کردار کو تہذیب کے سانچوں میں ڈھالنے کے لیے ایک نظریاتی، فکری و تربیتی درسگاہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی خوبصورت درسگاہ کو جدید دور میں ینگ علماء لیڈرشپ پروگرام کہا جاتا ہے۔

درسِ نظامی کی تکمیل کے بعد ایک فاضل کے دل میں دین کی خدمت اور معاشرے کی اصلاح کا جذبہ بہت بلند ہوتا ہے، مگر ساتھ ہی اسے اپنے خاندان اور مستقبل کی فکر بھی لگی رہتی ہے، اور وہ فیصلہ نہیں کر پاتا کہ اسے کیا کرنا چاہیے۔ ان حالات کے پیشِ نظر اتالیق ٹریننگز کی جانب سے یہ غیر معمولی اہمیت کا حامل منفرد پروگرام ترتیب دیا گیا۔ ینگ علماء لیڈرشپ پروگرام میں شرکت کر کے مجھے علم ہوا کہ علمائے کرام معاشرے میں کس طرح ایک قائد کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ یہ پروگرام نوجوان علماء کی صلاحیتوں کو نکھارتا ہے اور رہنمائی کرتا ہے کہ وہ دینی خدمات سرانجام دیتے ہوئے اپنی معاشی حالت کو کیسے بہتر بنا سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا کے واسطے سے مجھے اس پروگرام کا علم ہوا، اور میرے کئی دوست اس سے مستفید ہو چکے تھے جن کے بہت مثبت تاثرات تھے۔ اسی وقت سے دل میں تمنا انگڑائی لینے لگی کہ درسِ نظامی مکمل ہوتے ہی اس میں ضرور شرکت کروں گا، اور جب حضرت الشیخ جہانگیر محمود صاحب دامت برکاتہم کو سننا شروع کیا تو آپ کے مسحور کن اندازِ گفتگو اور معتدل علمی و فکری بیانات سے یہ طلب اور بھی بڑھ گئی۔ اس سال پوری امید کے ساتھ فارم ارسال کیے جو انتظامیہ نے قبول کرتے ہوئے سیکھنے کا ایک خوبصورت و نادر موقع عنایت کیا۔

یہ پروگرام صرف دو ہفتوں پر مشتمل تھا۔ بظاہر تو یوں لگتا ہے جیسے کوئی مسافر سستانے کے لیے کسی درخت کے سائے میں ٹھہرا اور پھر چل پڑا، مگر غور کیا جائے تو اس کورس میں گزرنے والا ہر لمحہ تربیت کا حصہ تھا، یہاں ہونے والی ہر سرگرمی فائدے سے خالی نہ تھی۔ یہی وہ درسگاہ تھی جہاں آ کر ان بہت سی غلطیوں کا احساس ہوا جنہیں ہم اپنے لیے قابلِ فخر خوبی سمجھتے تھے۔ سوچ و فکر کی کئی نئی راہیں منکشف ہوئیں، اپنی ذمہ داریوں کا احساس پیدا ہوا، اور معاشرے میں پھیلی نفرتوں کے بیچ محبتوں کی کرن نظر آنے لگی۔

یہاں آ کر وہ عینک میسر آئی جو ناامیدی کو کوسوں دور کر کے امید کے قریب کرتی ہے، جو نفرتوں کو توڑ کر محبتوں سے ملاتی ہے، اور جو مستقبل کی منصوبہ بندی اور مقاصد کے تعین میں بھرپور مدد دیتی ہے۔ عرض یہ کہ ینگ علماء لیڈرشپ پروگرام انفرادی و اجتماعی، معاشی و معاشرتی، علمی و عملی، فکری و نظریاتی، اخلاقی و تربیتی ہر پہلو پر رہنمائی کرتا ہے، اور زندگی کے تمام مراحل کو گزارنے کے بجائے جینے اور ان سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دیتا ہے۔

یلپ قول سے زیادہ عمل کو ترجیح دیتا ہے۔ یہاں مزاجِ نبوی سے ہم آہنگ ہونے اور اکابر علماء کے راستوں پر چلنے کا سبق گھول کر پلایا جاتا ہے۔ اساتذہ اور انتظامیہ کا خندہ پیشانی سے پیش آنا اور مسکراتے چہروں سے ملنا لائقِ صد تحسین ہے۔ حضرت الشیخ کا اندازِ بیاں، میٹھا لب و لہجہ اور مشفقانہ رویہ دل میں گھر کر گیا، اور اساتذہ کی اپنائیت اور قدم قدم پر رہنمائی ہمیشہ یاد رہے گی۔ بے اختیار دل سے یہ دعا نکلتی ہے کہ خدا تعالیٰ اتالیق کے اس گلشن کو سدا شاد و آباد رکھے اور اس کے منتظمین کو علم و عمل کی برکتوں سے نوازے۔

محمد زاہد ہزاروی

نئے فضلاء اس موقع سے ضرور فائدہ اٹھائیں۔ یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن یہاں سے کیجیے۔

یلپ 2027

یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن جاری ہے

16 تا 30 جنوری 2027، اسلام آباد – بھوربن۔ آن لائن (علماء و عالمات) یا بالمشافہ (علماء)۔ کوئی فیس نہیں۔