فضلاء کے قلم سے
شیخ سے پہلی ملاقات
یلپ 2025 کے فاضل اویس آسی کے قلم سے: سنی سنائی باتوں کی دھند کیسے چھٹی، جب حضرت الشیخ جہانگیر محمود کو پہلی بار روبرو سنا۔

یلپ 2025 کے فاضل اویس آسی نے «یلپ کی یادیں» کے عنوان سے اپنے پندرہ دن قسط وار قلم بند کیے۔ یہ تیسری قسط ہے۔
ابھی یلپ کے دوسرے دن کا پہلا سیشن جاری تھا، تین لیکچرز ہو چکے تھے، مگر ہماری نگاہیں مسلسل سامنے رکھی مسند پر جمی تھیں۔ وجہ یہ تھی کہ اب وہ شخصیت مسند نشیں ہونے والی تھی جس کے بارے میں طرح طرح کی آراء ذہن میں گہری تہیں بنا چکی تھیں، مثبت بھی، منفی بھی، ستائشی بھی، تنقیدی بھی۔ آج پہلی مرتبہ اس شخصیت کو روبرو دیکھنے کا لمحہ آن پہنچا تھا۔
انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں، مسند پر جلوہ افروز ہوئے اتالیق کے روحِ رواں، یلپ کی جان، الشیخ جہانگیر محمود صاحب حفظہ اللہ تعالیٰ۔
انسان کبھی کبھی خود نہیں دیکھتا، مگر دوسروں کی باتیں اس کی نگاہوں پر ایسا پردہ ڈال دیتی ہیں کہ حقائق دھند میں لپٹ کر نظروں سے اوجھل ہو جاتے ہیں۔ انبیاء کے سوا کوئی معصوم نہیں اور صحابہ کے علاوہ کوئی محفوظ نہیں، تو پھر ایک عالمِ دین کے بارے میں اختلافات بھلا کیونکر نہ ہوں؟ مگر بعض اختلاف صرف سنی سنائی باتوں کی کوکھ سے جنم لیتے ہیں، اور ان کو دور کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ آدمی خود اس شخص کو دیکھے، اس کے ساتھ بیٹھے، اس کی گفتگو سنے یا اس کا لکھا پڑھے۔ میری کیفیت بھی یہی تھی، ذہن میں ان کے بارے میں منفی و مثبت خیالات کا ایک پورا انبار تھا، مگر آج وہ میری نگاہوں کے سامنے موجود تھے۔
«السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ» — شیخ کی پہلی آواز کانوں سے ٹکرائی۔ شخصیت کا وقار، چہرے کی سنجیدگی اور وجاہت پہلی نظر میں ہی دل موہ لے گئی۔
شیخ کی گفتگو کا موضوع تھا «علماء اور عصرِ حاضر کے تقاضے»۔ یلپ کی ٹیم کو اس بات پر داد نہ دینا زیادتی ہوگی کہ موضوعات اس مہارت سے چنے گئے تھے کہ زندگی کا کوئی پہلو تشنہ نہ رہا۔ ایک مزے کی بات یہ کہ شیخ کی گفتگو وعظ کم اور گفتگو زیادہ ہوتی تھی، دوطرفہ باتیں، ایسا لگتا کہ وہ ہمارے جیسے بن کر ہم سے گویا ہو رہے ہیں۔
شیخ نے سوال کیا: «آج ہمیں جو سب سے بڑا چیلنج درپیش ہے، وہ کیا ہے؟» طلبہ نے اپنی اپنی سمجھ کے مطابق سماجی، فکری اور معاشی چیلنجز گنوائے، مگر شیخ کی نظر کہیں اور تھی۔ ایک طالب علم نے جواب دیا: «سب سے پہلا چیلنج یہ ہے کہ ہمیں معلوم ہی نہیں کہ ہمیں کون کون سے چیلنجز درپیش ہیں۔» شیخ مسکرائے اور اسے انعام سے نوازا۔ یہ وہ لمحہ تھا جب پہلی جھلک واضح ہوئی کہ شیخ شفیق ہیں۔
شیخ نے فرمایا: موجودہ چیلنجز کی فہرست بناؤ، پھر ترتیب طے کرو کہ کس کو سب سے پہلے حل کرنا ہے۔ مگر دو باتیں یاد رکھو: کوئی کام شریعت کے دائرے سے باہر نہ ہو، اور کوئی کام بڑوں کے مشورے کے بغیر نہ کرنا۔ یہاں شیخ کی شخصیت کا دوسرا پہلو سامنے آیا: بڑوں پر اعتماد کرتے ہیں اور اسی کا درس دیتے ہیں۔
شیخ کی گفتگو جاری تھی: نیت اور مقصود اللہ کی رضا ہو۔ یہ وہ لمحہ تھا جب ذہن سے ایک اور دھند چھٹ گئی کہ جس شخص کا مقصود رضائے الٰہی ہو وہ مادیت پرست کیسے ہو سکتا ہے۔
شریعتِ محمدی کو اپنی ذات پر نافذ کرنے کی عملی مشق اور مسلسل اجرا، یہی اصل تصوف ہے۔
یعنی تصوف کو ایک سطر میں بیان کر دیا، تصوف کی ایسی جامع تعریف شاید ہی کسی اور سے سنی ہوگی میں نے۔ اپنے چیلنجز سے نمٹنے کا ایک اہم ہتھیار «دعا» ہے، جسے ہم نے آخر میں رکھا ہوا ہے حالانکہ یہ کام تو پہلے کرنے کا ہے۔ زندگی کا ہر کام دعا سے شروع کرو، اور مہد سے لحد تک سیکھنے کا عمل جاری رکھو۔ میرے دل میں خیال آیا کہ کوئی متکبر شخص تو ایسی باتیں نہیں کر سکتا، یقیناً عاجزی کا سبق وہی پڑھاتا ہے جو خود مٹا ہوا ہو۔
شیخ کی گفتگو چلتی رہی، ہونٹوں سے موتی جھڑتے رہے، اور ہم اس سوچ میں مصروف کہ ایک ہی مجلس میں کون سا موتی پہلے چنیں اور کون سا بعد میں:
- «اپنے ہنرِ خاص کا انتخاب کریں اور پھر لگ جائیں اسی کو پالش کرنے میں۔»
- «جتنا اپنے ماضی سے واقف رہو گے، اتنا اپنے مستقبل کو جان پاؤ گے۔»
- «ہر کام بھرپور تیاری سے کرو، تیاری کے بغیر کوئی کام شروع نہ کرنا۔»
کوشش کر رہا ہوں مختصر کروں، لیکن سمجھ نہیں آ رہی کون سے نکات لکھوں اور کون سے چھوڑ دوں۔ ایک ایک نکتہ آبِ زر سے لکھے جانے کے لائق ہے۔
اویس آسی
نئے فضلاء اس موقع سے ضرور فائدہ اٹھائیں۔ یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن یہاں سے کیجیے۔


