فضلاء کے قلم سے
«میں ذمہ دار ہوں»
اویس آسی کی زبانی یلپ کے دوسرے اور تیسرے دن کا احوال: امارت و اطاعت کا نظام، مقررین کے موضوعات، اور وہ بات جو دل میں اتر گئی۔

یلپ 2025 کے فاضل اویس آسی کی سلسلہ وار تحریر «یلپ کی یادیں» کی چوتھی اور پانچویں قسط۔
دوسرا دن
یوں ہرگز نہیں تھا کہ ہم کسی پکنک پارٹی میں آ نکلے ہوں یا ہمیں شترِ بے مہار چھوڑ دیا گیا ہو۔ پہلے ہی دن امارت و اطاعت کی جو ترتیب قائم کی گئی تھی، اس پر عمل درآمد ہونے لگا، اور اس میں کئی حکمتیں پوشیدہ تھیں جو وقت گزرنے کے ساتھ رفتہ رفتہ ہم پر منکشف ہوئیں۔ استادِ محترم مولانا حماد عباسی صاحب اور استاذ جی مولانا وقاص صاحب روزانہ کارگزاری لیا کرتے، امیر سے بھی اور رعایا سے بھی۔ مگر یہ محض رسمی احتساب نہ تھا، بلکہ ایسا بامعنی محاسبہ جس میں رعایا کی بات سنی جاتی، اور امیر صاحب کو اکثر «جی حضور» کہہ کر بات ماننی پڑتی، کیونکہ اتھارٹی جمہور کو حاصل ہے!
ہم مدارس کے طلبہ کھانے پینے کے حوالے سے بڑے حساس ہوتے ہیں، میں نے خود کئی سابقین سے پوچھا تھا کہ یلپ میں لنگر کا کیا حساب کتاب ہے۔ الحمد للہ پورے پندرہ دن اس حوالے سے کسی شکایت کا موقع نہیں ملا، چائے اور قہوہ تو مسلسل رواں دواں رہے۔ دوسرے دن کی پہلی نشست اختتام کو پہنچی، شیخ صاحب کی پہلی نشست نے ہی دل میں گہرے نقوش چھوڑے، اور اس سفر سے ہمارا دل مطمئن ہو چکا تھا۔
سہ پہر کے مہمانِ خصوصی جناب طلحہ علی کوشواہا صاحب تھے، جن کا موضوع تھا «برصغیر پر نوآبادیاتی اثرات»۔ انہوں نے لفظ «بابو» پر بہت مؤثر اور دلچسپ گفتگو کی۔ مغرب کی اندھی تقلید اور احساسِ کمتری کا یہ رویہ صرف عام لوگوں تک محدود نہیں، افسوس کہ ہمارے ہاں مذہبی طبقے کے افراد بھی کسی نہ کسی درجے میں اس ذہنی غلامی کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔
عصر سے مغرب تک کرکٹ کی رونق رہتی۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ہمارے ایک فاضل دوست، جو خود کو ٹنڈولکر سے کم سمجھنے پر کسی صورت آمادہ نہ تھے، پورے ہفتے کے لیے میرے حریف بن گئے!
مغرب کے بعد مولانا عبد الرؤوف محمدی صاحب کا لیکچر تھا، موضوع تھا «بیانیہ کی تشکیل میں میڈیا کا کردار»۔ اس وقت شاید اس موضوع کی اہمیت پوری طرح واضح نہ ہو سکی، مگر آج حالات پر نظر ڈالتا ہوں تو اندازہ ہوتا ہے کہ میڈیا کس طرح بیانیے تشکیل دیتا ہے، کسی خبر کی بار بار تکرار معاشرے پر کیسے گہرے اثرات چھوڑتی ہے، اور مذہبی، سیاسی اور تحریکی بیانیے کیسے بنتے اور پھر کیسے توڑے جاتے ہیں۔ یہ عنوانات اور ان کو بیان کرنے والے مہمانان اس قدر دلچسپ تھے کہ بوریت کا تصور بھی ذہن میں نہیں آتا۔
تیسرا دن
«کیسے ہیں عزیز علمائے کرام؟» — ان خوشگوار الفاظ سے استادِ محترم وقاص سعید صاحب کی آواز ہمارے دن کا آغاز کرتی۔ جونہی گھڑی نے ساڑھے آٹھ کا ہندسہ چھوا، استاذِ محترم مولانا حماد عباسی صاحب نے «میں ذمہ دار ہوں» کے پُراثر الفاظ سے لیکچر کا آغاز کیا — یلپ کی چھ اقدار میں سے پہلی قدر۔
معاشرے میں بگاڑ کی سب سے بڑی وجہ اپنی ذمہ داریوں سے فرار ہے۔ یلپ کی تمہید ہی اس اعلان سے ہوتی ہے کہ میں فرار اختیار نہیں کروں گا، خود کو ذمہ دار شخص سمجھوں گا۔ مسائل پر بات تو ہر کوئی کر لیتا ہے، مگر حل بتانے والے کم ہوتے ہیں؛ یلپ ہمیں مسائل کو صرف بیان کرنے کی حد سے نکال کر ان کے حل پر غور و فکر کی طرف لے جاتا ہے۔ استاذ کی ایک بات جو دل میں اتر گئی:
سچ نہ کڑوا ہوتا ہے نہ میٹھا، بلکہ سچ بولنے والے کا لہجہ اسے کڑوا یا میٹھا بنا دیتا ہے۔
تعمیرِ شخصیت اور پرسنل برانڈنگ پر حماد عباسی صاحب کی گفتگو نے مجھے سوچنے پر مجبور کر دیا: کیا واقعی میں ذمہ دار ہوں؟
دوسرا لیکچر گفٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد قریشی صاحب کا تھا، موضوع تھا «Entrepreneurial Mindset»۔ کاروبار کیا ہے، کاروباری ذہنیت کیسے پروان چڑھتی ہے، اور معاشرہ کن چیزوں کا تقاضا کرتا ہے — تجارت کا ایک وسیع افق ہمارے سامنے کھول دیا گیا۔
تیسرا اور نہایت اہم لیکچر استاذ کاشف نسیم دلکشا صاحب کا تھا، موضوع تھا «خوشگوار زندگی»۔ انہوں نے پوچھا: اصل خوشی کون سی ہے؟ پھر خود ہی فرمایا: «وہ خوشی جو کسی دوسرے کے کام آنے کے بعد دل محسوس کرتا ہے۔» گھر والوں کے ساتھ مثالی رہن سہن، نبی کریم ﷺ کی عائلی زندگی، محبت اور نفرت کا مرکز اللہ کی رضا، اور مسکرانے کی عادت — سب کچھ نہایت فصاحت اور دردِ دل کے ساتھ ہمارے سامنے رکھا گیا۔
پہلی نشست کا آخری لیکچر بابائے صحافت مولانا خالد عمران صاحب کا تھا، جن کی گفتگو کا اہم نکتہ یہ تھا: «معاشرے کی زبان سیکھو، اور اسی زبان میں معاشرے سے بات کرو۔»
آج یلپ کا تیسرا دن تھا، جو چہرے کل تک اجنبی تھے اب شناسا ہونے لگے تھے۔ اساتذہ سے بے تکلف گفتگو ہونے لگی، اور دوستوں میں خیالات کا تبادلہ جاری رہنے لگا۔
اویس آسی
نئے فضلاء اس موقع سے ضرور فائدہ اٹھائیں۔ یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن یہاں سے کیجیے۔


