رجسٹریشن

فضلاء کے قلم سے

عالمات سے دردِ دل کے ساتھ گزارش

یلپ کی فاضلہ امۃ الحکیم القاضی کے قلم سے: یلپ نے خول کیسے توڑا، اور عالمات کے لیے یہ پندرہ دن کیوں ضروری ہیں۔

پڑھنے کا وقت: 3 منٹامۃ الحکیم القاضی

رات کے وقت الاؤ کے گرد بیٹھے یلپ کے شرکاء
یلپ کی ایک شام (فائل تصویر)

ینگ علماء لیڈرشپ پروگرام (یلپ) کی فاضلہ امۃ الحکیم القاضی نے اپنے تجربات کی روشنی میں عالمات و فاضلات کو یہ دعوت دی۔

اتالیق کے اساتذہ کے ساتھ میرا چند سال پرانا تعلق ہے۔ عموماً ان کا یلپ پروگرام مشہور ہے، لیکن میں نے ان کا چھ ماہ کا «لیڈرشپ ان ایجوکیشن اینڈ دعوہ» کورس بھی کیا، پھر درسِ قرآن و سیرت کی تربیت کے سیشنز لیے، اور مختلف اداروں میں ان کے سیشنز سے بھی ہمیشہ استفادہ کرتی رہی ہوں۔ اتالیق کے سرپرست حضرت مولانا عبد القدوس محمدی حفظہ اللہ کی جانب سے مدارس میڈیا ورکشاپ اور سوشل میڈیا پر رہنے کے اصول و آداب سیکھتے سیکھتے جو میری ذہنی نشوونما ہوئی، واللہ ان کے بغیر میرے لیے ممکن ہی نہیں تھی۔ اللہ نے بہت سے اندھیروں سے نجات اسی چراغ کے ذریعے دلائی، اور ایسی دلائی کہ تاحیات کوئی بجھا نہ سکے۔

جلد ہی ینگ علماء لیڈرشپ پروگرام کا آغاز ہو رہا ہے، اور میں یہ پروگرام اٹینڈ کر چکی ہوں۔ سوچا اپنے تجربات کی روشنی میں لوگوں کو دعوت دی جائے۔ میری نظر میں مدارسِ دینیہ سے جڑے تمام افراد کے لیے یہ پروگرام صرف مفید نہیں، انتہائی ضروری ہے۔

یہ پروگرام جوائن کیجیے تاکہ آپ کا خول ٹوٹے۔ اس سے قبل میرے ذہن میں بھی یہی سطحی تاثر تھا کہ «ملّا کی دوڑ مسجد تک اور ملّانی کی دوڑ مدرسے تک»۔ آج میں علماء کا دفاع اسی لیے کر پاتی ہوں کہ مجھ پر واضح ہو چکا ہے کہ ہماری اپنی دوڑ بھی تو مسجد کے ملّا تک ہی ہے۔

یہ پروگرام جوائن کیجیے تاکہ اگر کوئی آپ کے سامنے یہ شکوہ لے کر آئے کہ علماء یہ کیوں نہیں کرتے، تو آپ آپے سے باہر ہونے کے بجائے یہ گنوا سکیں کہ ہر فیلڈ میں فلاں فلاں علماء کام کر رہے ہیں۔ کوئی غلطی بتائے تو تسلیم کر کے کہہ سکیں کہ بہتری کا کام ہو رہا ہے۔ مستقبل کی امیدیں اہلِ علم کے طبقے سے زندہ ہیں۔ معمولی اختلافات پر سوشل میڈیا کو میدانِ جنگ بنانے کی ذہنی سطح سے اوپر آئیے۔ آپ جنہیں اکابر کہتے ہیں، ان کا طرز دیکھیے، ان کی تعلیمات دیکھیے، ان کا کام دیکھیے، اور ان کے میدان میں اپنی ضرورت اور اپنا کردار دیکھیے — جڑ کر، باقاعدہ دن رات لگا کر دیکھیے۔

عالمات و فاضلات سے نہایت دردِ دل کے ساتھ گزارش ہے کہ اس موقع کو ہاتھ سے ہرگز نہ جانے دیجیے۔ اس دورِ فتن میں جدت پسندی اور شدت پسندی کی دو انتہاؤں کے درمیان عالمات کے کردار کی مضبوطی کس قدر ضروری ہے، کتنا ضروری ہے کہ آپ اپنے «عالمہ» ہونے کا دفاع کر سکیں، اور نہ احساسِ کمتری کا شکار ہوں نہ احساسِ برتری کا۔ کہیں ایسے رنگ میں نہ رنگ جائیں کہ اپنی حدود و قیود بوجھ لگیں، اور نہ اتنی ججمنٹل ہوں کہ کوئی عام سی لڑکی آپ کے قریب آنے سے ڈرے۔ وجہ کیا ہے؟ اپنے مقام، اپنی نسبت اور اپنے میدان و مقصد سے ناواقفیت۔ اس کے لیے اپنی زندگی کے یہ چند دن یلپ کے نام کیجیے، اور تاعمر ان محسن و مربی اساتذہ سے فیض یاب ہونا لازم سمجھیے۔

آپ کتنی بھی کتابیں پڑھ لیں، اس پروگرام کے فوائد آپ پر لمحہ بہ لمحہ خود آشکار ہوتے جائیں گے۔ جو لوگ ایکٹو نہیں وہ ایکٹو ہونے کے لیے، اور جو ہیں وہ «کیسے ایکٹو رہنا ہے» سیکھنے کے لیے اس پروگرام کو لازماً جوائن کریں۔ جہاں چھ سے آٹھ سال درسِ نظامی کا سفر رہا، وہاں یہ پندرہ دن آپ کو سکھائیں گے کہ ان سالوں کا ثمر اپنی زندگی میں کیسے لانا ہے۔

ایک ایک پہلو سے وضاحت اور رہنمائی کے لیے ایک نعمت، امت کے تابناک مستقبل کی روشن نوید: ینگ علماء لیڈرشپ پروگرام!

امۃ الحکیم القاضی

نئی فاضلات اس موقع سے ضرور فائدہ اٹھائیں۔ یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن یہاں سے کیجیے۔

یلپ 2027

یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن جاری ہے

16 تا 30 جنوری 2027، اسلام آباد – بھوربن۔ آن لائن (علماء و عالمات) یا بالمشافہ (علماء)۔ کوئی فیس نہیں۔