رجسٹریشن

فضلاء کے قلم سے

«ایک نیا جہان آپ کا منتظر ہے»

یلپ کے فاضل مولانا سعید الرحمٰن کے قلم سے: اتالیق کی قیادت، اس کے کام کی وسعت، اور نئے فضلاء کو یلپ کی دعوت۔

پڑھنے کا وقت: 2 منٹمولانا سعید الرحمٰن

کھلی فضا میں ایک نشست، شرکاء دائرے میں بیٹھے ہیں
یلپ کی ایک نشست، کھلی فضا میں (فائل تصویر)

ینگ علماء لیڈرشپ پروگرام (یلپ) کے فاضل مولانا سعید الرحمٰن نے اپنے احساسات و تاثرات یوں قلم بند کیے۔

تعلیم و تدریس کے میدان میں رہنمائی درکار ہو یا کسی ادارے کا انتظام و انصرام، سلوک و احسان کی راہ پر گامزن سالکین کی اصلاح ہو یا ملکی و بین الاقوامی سطح پر تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے آوازۂ حق بلند کرنا ہو — ہر جانب آپ کو ایک ہی شخص نظر آئے گا جو درحقیقت اپنی ذات میں ایک مکمل انجمن اور ایک پوری جماعت ہے۔ میری مراد عالمِ باعمل، شیخِ طریقت، ماہرِ تعلیم، استاذالاساتذہ اور مصنفِ کتبِ کثیرہ حضرت الشیخ جہانگیر محمود صاحب دامت فیوضہم ہیں۔

آپ کہنے کو تو روایتی مولوی ہیں، مگر پاکستان سمیت اطرافِ عالم کے دینی و عصری تعلیمی اداروں میں ایک ہزار سے زائد ورکشاپس کروا کے تعلیم و تربیت کا صحیح معنوں میں حق ادا کر رہے ہیں۔ تین نسلوں سے قوم کے مستقبل کو سنوارنے میں مصروف ایک عظیم علمی خانوادے سے تعلق رکھنے والے حضرت الشیخ کے زیرِ سایہ اور ان کے مشوروں سے دنیا بھر کے مختلف تعلیمی ادارے، تحریکیں اور افراد اپنا اپنا کام احسن انداز میں سرانجام دے رہے ہیں۔

حضرت الشیخ خود علم و عمل کے میدان کے شہسوار ہیں، اسی لیے اپنے اردگرد جو قیمتی ہیرے اور موتی جمع کر رکھے ہیں وہ بھی اپنی مثال آپ ہیں — اتالیق ٹریننگز کے پراجیکٹ لیڈر استادِ محترم مولانا حماد عباسی صاحب ہوں یا استادِ محترم مولانا وقاص سعید صاحب۔ یہ دونوں صاحبان حضرت الشیخ کے ساتھ مل کر دنیا کے سترہ ممالک اور 150 شہروں کے 300 سے زائد اداروں میں دو سو سے زائد کورسز کروا چکے ہیں، اور اطرافِ عالم میں پھیلے سات ہزار سے زائد افراد ان کے کام کے معترف ہیں۔

وطنِ عزیز پاکستان میں اس ٹیم کا مشہور سلسلہ ینگ علماء لیڈرشپ پروگرام (YULP) ہے، جس کے تحت پاکستان کے چھوٹے بڑے مدارس سے منتخب علمائے کرام کو زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہر ترین افراد سے استفادے کا موقع دیا جاتا ہے۔

اگر آپ کے سر پر دستارِ فضیلت سج چکی ہے اور آپ سندِ فراغت حاصل کر چکے ہیں تو یہ پروگرام آپ ہی کے لیے ہے۔ موبائل اٹھائیے اور ابھی رجسٹریشن کیجیے، کہ ایک نیا جہان آپ کا منتظر ہے۔

مولانا سعید الرحمٰن

یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن یہاں سے کیجیے۔

یلپ 2027

یلپ 2027 کے لیے رجسٹریشن جاری ہے

16 تا 30 جنوری 2027، اسلام آباد – بھوربن۔ آن لائن (علماء و عالمات) یا بالمشافہ (علماء)۔ کوئی فیس نہیں۔